ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: آج ہوگا قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی نئی انتظامیہ کا انتخاب؛ پہلی بارہوگی ڈیجیٹل ووٹنگ

بھٹکل: آج ہوگا قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی نئی انتظامیہ کا انتخاب؛ پہلی بارہوگی ڈیجیٹل ووٹنگ

Sun, 02 Oct 2022 20:57:52    S.O. News Service

بھٹکل 3/ اکتوبر (ایس او نیوز) پیر 3/اکتوبر کو قومی سماجی ادارہ  مجلس اصلاح و تنظیم  کے انتخابات ہونے جارہے ہیں جس کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ الیکشن کمشنر محی الدین الطاف کھروری نے بتایا کہ پیر صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک انتخابات ہوں گے اوراس بار پہلی مرتبہ بیلٹ پیپرکے بجائے نئی ٹیکنالوجی کے تحت ڈیجیٹل پولنگ ہوگی۔ یعنی انتخابی بوتھ پرکمپوٹر اسکرین رہے گی جس پر انتخابی اُمیدواروں کے نام کے ساتھ اُن کی تصویر چسپاں رہے گی، اپنی پسند کے اُمیدواروں کے فوٹو پرباری باری انگلی رکھتے ہوئے آخر میں VOTE پر کلک کرنا ہوگا۔ ووٹ قبول ہوتے ہی کمپوٹر سے ووٹ قبول کرنے کی آواز آئے گا، اگر ووٹ قبول نہیں ہوا تو اسکرین پر Error کا مسیج آئے گا۔ جس کے بعد دوبارہ اُمیدواروں کو منتخب کرنے کا آپشن رہے گا۔

الیکشن کمشنر نے واضح کیا ہے کہ بھٹکل میں جملہ 35 نشتوں کے لئے ہونے والے انتخابات کو 13 حلقوں میں تقسیم کیا گیا تھا جس کے تحت سات حلقوں میں بلامقابلہ انتخابی کاروائی مکمل ہوچکی ہے۔ اب پیر کو بقیہ چھ حلقوں کے انتخابات ہوں گے جس کے لئے دو جگہوں پرپولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

الیکشن کمشنر نے بتایا کہ حلقہ نمبر1 (سلطان اسٹریٹ، ماری کٹہ مین روڈ تا اولڈ بس اسٹائنڈ)، حلقہ نمبر7 (عثمان نگر تمام کراس، ساگرروڈ، اولڈ بس اسٹائنڈ تا سرکل) اورحلقہ نمبر9 (مخدوم کالونی، ڈونگرپلّی، بیلنی) کے انتخابات صدیق اسٹریٹ میں واقع تنظیم بلڈنگ میں ہوں گے۔ اسی طرح حلقہ نمبر8 (بندرروڈ تمام کراس، مسقط کالونی، سلمان آباد، کوکتی)، حلقہ نمبر 10 (نوائط کالونی، شمس الدین روڈ، امین الدین روڈ، موسیٰ نگر، عثمانیہ کالونی، عمر اسٹریٹ) اور حلقہ نمبر12 (کارگیدے، شفا کالونی، ناگپا نائک روڈ، ہاوسنگ بورڈ، مریم علی مسجد) کے انتخابات نوائط کالونی میں واقع رابطہ بلڈنگ میں ہوں گے۔

الیکشن کمشنر نے واضح کیا ہے کہ صبح ٹھیک نو بجے انتخابی کاروائی شروع ہوگی اور شام پانچ بجے تک چلے گی۔ دوپہر کے کھانے کا کوئی وقفہ نہیں ہوگا، البتہ نمازکے اوقات میں پولنگ کی کاروائی روکی جائے گی۔ شام پانچ بجے انتخابی کاروائی مکمل ہوتے ہی ووٹنگ کی گنتی شروع ہوگی اورووٹوں کی گنتی کے فوری بعد شام کو ہی نتائج ظاہر کئے جائیں گے۔

الیکشن کمشنر سمیت ان کے معاونین مولوی برماورمحمد یاسر اور رکن الدین محمد یونس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ پہلی فرصت میں اپنی پسند کے اُمیدواروں کو ووٹ دے کر انتخابی کاروائی میں حصہ لیں۔

کس حلقے میں کون کون ہیں اُمیدوار:

بتاتے چلیں کہ آج جن چھ حلقوں (حلقہ نمبر1، حلقہ نمبر7، حلقہ نمبر8، حلقہ نمبر9، حلقہ نمبر10 اور حلقہ نمبر 12) میں انتخابات ہورہے ہیں، اُس کی تفصیل اس طرح ہے:

حلقہ نمبر1: یہاں چاراُمیدوار دامدا ابوعبدالباسط، محتشم محمد عظیم منڈے، حافظ اکیری مبین احمد اور محتشم عبدالرحمن سیاف کھڑے ہیں، یہاں تین نشستوں کے لئے انتخابات ہورہے ہیں۔

حلقہ نمبر7: یہاں چار اُمیدوار ایس ایم سید محمد مسعود، شاہ بندری محمد نجیب، رکن الدین عزیزالرحمن اور اکیری عبدالباسط کھڑے ہیں، یہاں دو نشستوں کے لئے الیکشن ہورہے ہیں۔

حلقہ نمبر 9: یہاں پانچ اُمیدوارمیدان میں ہیں میڈیکل عبدالسمیع، ایس ایم سید اسماعیل فیضان، ہلارے مبشر حُسین، مٹّامحمد صادق اور کولا محمد اقبال۔ یہاں تین نشستوں کے لئے انتخابات ہورہے ہیں۔

اوپر کے حلقوں کے انتخابات کے لئے تنظیم عمارت میں پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

جبکہ نیچے دئے گئے تین حلقوں کے انتخابات کے لئے رابطہ ہال میں پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں:

حلقہ نمبر 8: یہاں جملہ دس اُمیدوار میدان میں تھے، مگر چونکہ مسجد وار حلقوں کی طرف سے محتشم محمد قیصرمجلس شوریٰ کے رکن منتٓخب ہوچکے ہیں، اس بنا پر اب یہاں نو اُمیدوارمیدان میں رہ گئے ہیں جن کے نام یہ ہیں: رکن الدین عبدالماجد، رکن الدین محمد طاسم، دامدا ابو عبدالعظیم، علی اکبرا محمد سہام،  علی اکبرامحمد ذیشان، حیدرمحمد جعفر، موٹیا علی عمران، برماور سید ابراہیم اظہر اورشاہ بندری عتیق الرحمن۔ یہاں پانچ نشستوں کے لئے انتخابات ہورہے ہیں۔

حلقہ نمبر 10: اس حلقہ میں چھ اُمیدوارسنہری محمد الیاس آفاق، ارمار جاوید، محتشم ابوالحسن، شاہ بندری محی الدین جیلانی، سدی باپا محمد الیاس، رکن الدین محی الدین کوچوباپا انتخابی اکھاڑے میں کھڑے ہیں اور یہاں تین نشستوں کے لئے انتخابات ہورہے ہیں۔

حلقہ نمبر12: اس حلقہ میں نو اُمیدواربرماور سید وسیم، محتشم محمد عرفان (میاں)، معلم محمد حُسین (کلاگر)، پلور محمد صادق، صدیقی محمد اشرف، رکن الدین عبدالسلام، برماور سید بدرالدجیٰ، گوائی ثناء اللہ اور قمری بلال احمد میدان میں ہیں اور یہاں چار نشستوں کے لئے انتخابات ہورہے ہیں۔

جملہ 35 نشستوں میں 15 نمائندے بلامقابلہ نئی انتظامیہ کے لئے منتخب ہوچکے ہیں، مزید 20 اراکین کا انتخاب ہونا باقی ہے جس کے لئے جملہ 37 اُمیدوار میدان میں ہیں۔

اس بارکے انتخابات میں حلقہ نمبر8 اور حلقہ نمبر 12 پر سب کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں جہاں بالترتیب پانچ نشستوں کے لئےنو اُمیدوار اور چار نشستوں کے لئے نو اُمیدوار میدان میں ہیں۔

شام چھ بجے تک انتخابی نتائج ظاہر ہونے کے امکانات ہیں۔

ڈیجیٹل ووٹنگ کا طریقہ جاننے کے لئے اس وڈیو کو دیکھیں:

 


Share: